جماعت احمدیہ کے پانچویں روحانی خلیفہ حضرت مرزا مسروراحمدصاحب لندن سے خطاب کرتے ہوئے(ذیشان) |
قادیان 13اکتوبر(ذیشان)۔ جماعت احمدیہ کے پانچویں روحانی خلیفہ حضرت مرزا مسروراحمدصاحب نے پاکستان میں جماعت احمدیہ کے دوسرے مرکز ربوہ(چناب نگر) کی مسجد(بیت المہدی) میں گزشتہ دنوں ہوئے دہشت گرد حملہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کے لیے دعا کی۔
اطلاعات کے مطابق ایک مسلح شخص نے مسجد کے باہر ڈیوٹی پر موجود احمدی رضاکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔ دو احمدی افراد کو گولیاں پیٹ میں لگنے سے شدید چوٹیں آئیں، جبکہ دیگر معمولی زخمی ہوئے۔ حملہ آور کووہاں موجودپولیس وسیکیورٹی اہلکاروں نے مسجد میں داخل ہونے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا۔
حضرت مرزا مسرور احمد نے فرمایا:"آج ربوہ میں بیت المہدی میں دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں ہمارے پانچ یا چھ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں کامل شفا عطا فرمائے اور سب پر اپنا فضل فرمائے۔"آپ نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ انصاف قائم کرے اور احمدیوں کے خلاف جاری مظالم پر خاموش تماشائی نہ بنے۔آپ نے فرمایا:"حکومت پنجاب دعویٰ کرتی ہے کہ صوبے میں جرائم ختم ہو چکے ہیں، مگر احمدیوں پر حملے، ان کی شہادتیں اور ان کی جائیدادیں جلانا کیا جرم نہیں؟ اللہ تعالیٰ ان ظالموں کو انجام تک پہنچائے اور حکومتوں کو عقل عطا فرمائے۔"